منگلورو 15/دسمبر (ایس او نیوز) ٹائلس سے بھرا ہوا ایک ٹرک جو کہ غیر ذمہ دارانہ طور پر پارک کیا گیا تھا اچانک سرکنے کی وجہ سے بہت ہی خطرناک حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔اس کے باوجود ٹرک کی زد میں آکر پارک کی ہوئی ایک موٹر بائک بری طرح تباہ ہوگئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شہر کے بیندورویل علاقے میں ایک عمارت کے پاس پارکنگ لاٹ میں ٹائلس سے بھرا ہوا ٹرک پارک کیا گیا تھا۔ وہ جگہ حالانکہ ڈھلوان تھی مگر ڈرائیور نے ٹرک کے ٹائر کے نیچے ایک پتھر لگادیا تھا۔ پھر جب ڈرائیور نے وہ پتھر ہٹا یا تو بھاری ٹرک دھیرے دھیرے پیچھے کی طرف سرکنے لگا جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔چونکہ ٹرک کا اسٹیئرنگ لاک تھا، اس لئے ٹرک سیدھے پیچھے کی طرف آگے بڑھنے کی بجائے ایک طرف کو جھک کر لڑھکنے لگا۔ اس دوران وہاں پر پارک کی گئی ایک موٹر بائک کو ٹرک نے بری طرح کچل ڈالا۔فوری طور ٹرک کو مزید سرکنے سے روکنے کی تدابیر کی گئیں اورکسی بھی جانی یا بہت زیادہ
مالی نقصان کو ٹالنے میں کامیابی ملی۔ بعد میں پولیس نے کرین کی مدد سے ٹرک کو وہاں سے ہٹایا۔